نئی دہلی،28/مارچ (آئی این ایس انڈیا) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے لوگوں کو گھر گھر راشن پہنچانے کی پالیسی کو نافذکرنے کے بعد دوسری ریاستوں کے لوگ بھی اس کا مطالبہ کرنا شروع کر دیں گے۔
انہوں نے ایک ڈیجیٹل پریس کانفرنس میں یہ بھی الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) زیرقیادت مرکزی حکومت قومی دارالحکومت میں پالیسی کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے آج ایک بڑا اعلان کیا ہے کہ لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچایا جائے گا اور اس سے غریبوں کو کافی فائدہ ہوگا۔انہوں نے الزام لگایاکہ ہم اسے دہلی میں بھی نافذکرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت دہلی میں اس پالیسی کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسے عملی جامہ پہنانے کا وقت آ گیا ہے، اسے روکا نہیں جا سکتا۔
پہلے دن مان نے اپنی ریاست میں گھر گھر راشن تقسیم اسکیم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو اب قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ اچھے معیار کا راشن ان کے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔